گودھرا، 03 اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) گجرات کے گودھرا شہر میں کل تین مسلم نوجوانوں کی نامعلوم لڑکوں نے پٹائی کر دی۔پٹائی کے بعد متاثر نوجوانوں کے خاندان نے الزام لگایا ہے کہ’جے شری رام‘ کہنے سے انکار کرنے پر لڑکوں کی پٹائی کی گئی ہے۔پولیس نے اس معاملے میں 6 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔شکایت کنندہ صدیقی بھگت نے دعوی کیا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم افراد نے ان کے بیٹے سمیر (17) اور اس کے دوستوں سلمان گھتیلی اور سہیل بھگت پر رات اس وقت حملہ کیا جب وہ تینوں گھر واپس آ رہے تھے۔خاندان نے کہاکہ ملزمان نے میرے بیٹے اور اس کے دوست سے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے کے لئے کہا،لڑکوں نے جب ایسا کرنے سے انکار کر دیا تو انہوں نے ان کی پٹائی کرنی شروع کر دی۔ان میں سے ایک نے سمیر کے ماتھے پر سائیکل کی چین ماری جبکہ ایک دوسرے شخص نے سلمان کے سر پر ایک نکیلی چیز سے حملہ کیا۔گودھرا ٹاؤن پولیس تھانے میں رجسٹرڈ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے جانے سے مارنے کی دھمکی دی کہ اگر وہ علاقے میں دوبارہ دکھائی دئے تو انہیں مار دیا جائے گا۔پولیس انسپکٹر ایچ سی راٹھوا نے کہا کہ زخمی سمیر اور اس کے دوستوں کو کچھ مقامی لوگ سول ہسپتال لے گئے۔راٹھوا نے کہاکہ میں متاثرین اس وقت بولنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اس لئے ہمارے پاس مزید تفصیلات نہیں ہیں،ہم نے 6 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔